لاہور: کورونا وبا کی بگڑی ہوئی صورتحال، وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا ہے کہ پنجاب کے 13 اضلاع میں پہلی سے 8ویں کی کلاسیں عیدالفطر تک بند رہیں گی۔
صوبائی وزیر تعلیم پنجاب مراد راس کی زیر صدارت کورونا کی موجودہ صورتحال میں تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق اہم اجلاس ہوا۔
وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے کہا کہ کورونا سے زیادہ متاثرہ صوبے کے 13 اضلاع یعنی لاہور، راولپنڈی، گجرات، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، سیالکوٹ، سرگودھا، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، رحیم یارخان، ڈی جی خان اور شیخوپورہ میں پہلی سے 8ویں تک اسکولز عید الفطر تک بند رہیں گے۔
مراد راس نے بتایا کہ متاثرہ 13 اضلاع میں 19 اپریل سے 9ویں سے 12 ویں کی کلاسیں پیر اور جمعرات کو ہوں گی جبکہ پنجاب میں 9ویں تا 12ویں اور اے او لیول کے امتحانات اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے۔
پنجاب کے وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا تھا کہ آج کے فیصلوں پر نظرثانی کے لیے آئندہ اجلاس 2 ہفتوں کے بعد ہوگا۔
واضح رہے کہ آج صبح این سی او سی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے بتایا کہ ملک کا ہر ضلع کورونا سے متاثر نہیں ہے اس لیے جو اضلاع متاثر ہیں وہاں کلاس پہلی سے 8ویں تک اسکولوں کو 28 اپریل تک بند رکھا جائے گا اور 28 اپریل کو دوبارہ اس معاملے کا جائزہ لیں گے کہ اسکولوں کو عید تک بند رکھا جائے یا عید سے پہلے اسکولز کھولے جائیں۔