لاہور:پنجاب نے بھٹہ خشت مالکان کیلئے قرضہ اسکیم کا اعلان کردیا،گرین لون اسکیم پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تحت بین آف پنجاب کے تعاون سے قرضے دیئے جائینگے۔
وزیر خزانہ مخدوم جوان ہاشم بخت نے بتایا کہ اسکیم کے تحت بھٹوں کی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لیے آسان شرائط پر قرض مہیا کیے جائیں گے،قرضوں کا اجراء وزیر اعظم کے کامیاب نوجوان پروگرام اور حکومت پنجاب کی روزگار اسکیم کے تحت کیا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ گرین لون اسکیم پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے تحت بینک آف پنجاب کے تعاون سے لانچ کی جا رہی ہے،پی ڈی ایم اے سے ریلیف کمشنر پنجاب بابر حیات تارڈ رہنمائی مہیا کریں گے جبکہ بینک آ ف پنجاب مالی فراہم کرے گا۔
پنجاب حکومت صوبے بھر میں بھٹوں کی جدید ٹیکنالوجی پر منتقلی کے لیے سبسڈی مہیاکرے گی، سکیم کے تحت قرضوں کی فراہمی کے لیے تحصیل کی سطح پر سہولت سینٹر قائم کر دئیے گئے ہیں ،قرض کی فراہمی کے لیے سہولت سینٹرز کا انتخاب بھٹہ مالکان کی سکیم تک آسان رسائی کویقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
وزیر خزانہ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پرانی طرز کے بھٹے اور گاڑیوں سے پیدا ہونے والا دھواں صوبے میں اسموگ کا سب سے بڑا سبب ہیں ،گرین لون اسکیم کا مقصد اسموگ سے پاک صاف پنجاب کے خواب کو تعبیر دینا ہے، بھٹہ مالکان صوبے کو اسموگ سے آزاد بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں ،پرانی طرز پر تعمیر بھٹوں کو جلد از جلد نئی ٹیکنالوجی پر منتقل کروائیں۔