پنجاب پولیس نے ایک ویگو سوار مجرم کی تلاش کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لے لیا، جس کی ایک بائیک سوار کو سر عام ڈنڈے سے پیٹتے ہوئے ویڈیو وائرل ہوگئی تھی۔
وائرل ویڈیو م0یں ایک سیاہ رنگ کی ویگو کو دیکھا جا سکتا ہے، جبکہ ساتھ ہی موٹر سائیکل سوار شخص بھی ویڈیو میں موجود ہے۔
ویڈیو میں دکھائی دینے والے ماحول سے لگتا ہے یہ پنجاب کے کسی دور افتادہ علاقے کی سڑک کا منظر ہے، جس میں ویگو کا ڈرائیور ہاتھ میں ڈنڈا اٹھائے ہوئے ہے، جسے کچھ دیر بعد وہ موٹر سائیکل سوار پر برسا دیتا ہے۔
ویگو سوار نے موٹر سائیکل سوار کے منہ پر ڈنڈا مارا تھا، جس کے بعد جیسے ہی موٹر سائیکل سوار بائیک سے اترا تو ویگو سوار موقع سے فرار ہو گیا۔
تاہم اس معاملے سے متعلق تاحال کوئی معلومات سامنے نہیں آ سکی ہیں۔ اب اس پر پنجاب پولیس کی جانب سے ایکس پر ردعمل دیتے ہوئے عوام سے مدد مانگ لی ہے۔

پنجاب پولیس نے پوسٹ میں اپیل کی ہے کہ معزز سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو سے متعلق اگر آپ کے پاس کوئی معلومات ہیں، تو ہمارے ساتھ شئیر کریں۔
ساتھ ہی پنجاب پولیس کے ہینڈل سے کہا گیا ہے کہ ویڈیو معلومات ملنے کی صورت میں قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ ویڈیو میں بائیک سوار کے ساتھ اس کے عقب میں ایک خاتون بھی بیٹھی نظر آتی ہے، جبکہ ویگو والا خاتون کی بھی پروا نہیں کرتا اور سر عام ڈنڈا چلاتا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








