پنجاب میں سیلابی صورتحال! اسکولوں کے امتحانات مؤخر

تازہ ترین

تازہ ترین

Punjab postpones first-term school exams due to flood disruptions
ONLINE

لاہور: پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں زیرِ تعلیم ہزاروں طلبا و طالبات کے پہلے سمسٹر کے امتحانات مؤخر کر دیے گئے ہیں۔

محکمۂ تعلیمِ پنجاب نے اعلان کیا ہے کہ حالیہ سیلاب اور تعلیمی اداروں کی بندش کے باعث نصابی سرگرمیوں میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے پیشِ نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔

پہلے سمسٹر کے امتحانات کا آغاز 15 اکتوبر سے ہونا تھا تاہم اب یہ امتحانات دسمبر کے پہلے ہفتے میں لیے جائیں گے۔

نئی پالیسی کے تحت پہلے سمسٹر اور مڈ ٹرم امتحانات کو ضم کر کے ایک ہی مرحلے میں منعقد کیا جائے گا۔ اس فیصلے کا مقصد طلبہ کو مناسب تیاری کا وقت دینا اور متاثرہ تعلیمی تسلسل کو بحال کرنا ہے۔

والدین کی ایک بڑی تعداد نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ امتحانات کا بروقت انعقاد تعلیمی نظم و ضبط کے لیے نہایت ضروری ہوتا ہے اور اس تاخیر سے طلبہ میں ذہنی دباؤ اور بے یقینی کی کیفیت بڑھ سکتی ہے۔

مختلف ذرائع کے مطابق متعدد بچے بھی اس اچانک تبدیلی سے مایوس دکھائی دے رہے ہیں۔

دوسری جانب پنجاب یونیورسٹی نے بھی اپنے تمام جاری اور آئندہ امتحانات کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے۔ یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے ہفتے کے روز جاری ہونے والے ایک ہنگامی اعلامیے میں کہا گیا کہ یہ اقدام غیر معمولی حالات کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے۔

اس فیصلے سے بی اے، بی ایس، ایم اے، ایم ایس سی، ایم فل، پی ایچ ڈی سمیت ضمنی اور عملی امتحانات کے تمام طلبہ متاثر ہوں گے۔

یونیورسٹی کے تمام شعبوں، الحاق شدہ کالجوں اور امتحانی مراکز کو ہدایت جاری کر دی گئی ہے کہ وہ اگلے احکامات تک امتحانی سرگرمیاں معطل رکھیں۔

Related Posts