قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے ہاسٹل کو جمعہ کی صبح یونیورسٹی میں دو حریف طلباء گروپوں میں تصادم کے دوران آگ لگا دی گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یونیورسٹی ہاسٹل میں دو گروپوں کے درمیان تصادم ہوا جس کے نتیجے میں متعدد طلبہ زخمی ہوگئے۔ تین زخمی طلبہ کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے، زخمی طلبہ کو تشویشناک حالت میں پمز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ تصادم میں کون سے دو طلبہ گروپ ملوث تھے اور لڑائی کی وجہ کیا تھی۔
وفاقی دارالحکومت میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس کے باعث یونیورسٹی انتظامیہ نے لڑکوں کے ہاسٹل خالی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
انتظامیہ نے تمام طلباء کو کل سے ہاسٹل خالی کرنے کی ہدایت کی ہے، بوائز ہاسٹل 20 اکتوبر تک بند رہیں گے۔
سوشل میڈیا صارفین تصادم کی پریشان کن ویڈیوز مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کر رہے ہیں اور متعلقہ حکام سے یونیورسٹی کے وقار کو پامال کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








