رحیم یار خان: دکان کی چھت گرنے سے امداد لینے کیلئے آئی ہوئی 5خواتین جاں بحق، متعدد زخمی

تازہ ترین

تازہ ترین

خواتین
(فوٹو: آن لائن)

پنجاب کے تاریخی شہر رحیم یار خان میں دکان کی چھت گر جانے کے نتیجے میں امداد لینے کیلئے آئی ہوئی 5 خواتین جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئی ہیں۔

ڈی پی او رحیم یار خان کا کہنا ہے کہ دکان کی چھت گرنے کا یہ واقعہ رحیم یار خان کے علاقے چک 125پی میں اس وقت پیش آیا جب ایک دکان میں بہت سی خواتین  بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امداد لینے کیلئے جمع تھیں۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ورکرز جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر دکان کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر 3 خواتین جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوئیں، امداد کی قسط وصول کرنے کیلئے دکان میں 200 سے زائد خواتین جمع تھیں، جب یہ حادثہ پیش آیا۔

بعد ازاں ملبے تلے دب کر زخمی ہونے والی 2 مزید خواتین دم توڑ گئیں جس سے جاں بحق خواتین کی تعداد 5 ہوگئی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دب کر متعدد خواتین سمیت 20 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

رحیم یار خان کی ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شیخ زید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔ معروف سماجی شخصیات نے امداد لینے کیلئے آئی ہوئی خواتین کے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر ظہیر انور جپہ نے افسوسناک واقعہ کا نوٹس لے لیتے ہوئے شیخ زید اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرنے کی ہدایت کی، ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کو فوری طلب کر لیا گیا۔ زخمیوں کو طبی امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔

Related Posts