این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش ہوسکتی ہے، جبکہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش کے ساتھ بعض مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے ترجمان کے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد، مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، تلہ گنگ، گوجر خان، جہلم اور سیالکوٹ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ اسی طرح گجرات، گوجرانوالہ اور حافظ آباد کے علاقوں میں بھی بارش اور گرج چمک کے امکانات موجود ہیں۔
اعلامیے کے مطابق منڈی بہاؤالدین، لاہور، قصور اور میانوالی میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ سرگودھا، جھنگ، لیہ اور ملتان کے علاقوں میں بھی بارش کی پیشگوئی کی جا رہی ہے۔
خیبر پختونخوا کے چترال، دیر، سوات، کالام، مینگورہ، ملاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، پشاور، مردان، باجوڑ، چارسدہ، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈی آئی خان میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بعض مقامات پر ژالہ باری کا خدشہ بھی موجود ہے جبکہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بھی بتایا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم شدید گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، جبکہ وسطی اور جنوبی علاقوں میں گرد آلود اور تیز ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے۔ بلوچستان کے زیادہ تر حصوں میں بھی موسم گرم اور خشک رہے گا، تاہم ژوب، موسیٰ خیل، بارکھان اور لورالائی میں ہلکی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
کراچی میں موسم مزید گرم رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے جہاں تیز اور گرم ہوائیں چلنے کا بھی خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، اس لیے غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کیا جائے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








