اسلام آباد: محکمۂ موسمیات نے آج ملک کے متعدد علاقوں میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت، بالائی پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے کچھ مقامات پر موسلادھار بارش کے ساتھ گرج چمک اور آندھی چلنے کا امکان ہے۔
اس کے علاوہ سندھ کے ساحلی علاقوں اور کراچی میں گرمی ہے تاہم مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور بعض مقامات پر ہلکی بارش یا بوندا باندی ہوسکتی ہے۔
پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے اور تمام صورتحال پر قریبی نظر رکھی جارہی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ دریاؤں میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ اس وقت تربیلا ڈیم 96 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 62 فیصد بھر چکا ہے۔
اس سے قبل حالیہ دنوں میں اسلام آباد اور کراچی سمیت کئی علاقوں میں ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار کردیا تھا۔
منگل کو بھی محکمۂ موسمیات نے بارش کی پیش گوئی کی تھی جبکہ کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے ہلکی بارش اور بوندا باندی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث صبح کے وقت بادلوں نے شہر کو اپنی لپیٹ میں لیے رکھا اور گرمی کی شدت میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز میں مزید بارشیں متوقع ہیں جو بعض مقامات پر تیز ہو سکتی ہیں، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








