مسلسل بارش، گوادر کے نشیبی علاقے زیرِ آب، زمینی رابطے کٹ گئے

تازہ ترین

تازہ ترین

بلوچستان کے اہم شہر گوادر میں گھنٹوں طویل بارش کے نتیجے میں نشیبی علاقے زیرِآب آگئے جبکہ زمینی رابطے کٹ جانے کے باعث نظامِ زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گوادر میں ہلکی اور تیز بارش کے باعث جگہ جگہ پانی کھڑا ہوگیا۔ گلی محلے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے، رابطہ سڑکیں بیٹھ گئیں، بارش کا پانی گھروں اور کاروباری مراکز میں داخل ہوگیا۔ شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

نکاسئ آب کا نظام مناسب نہ ہونے کے باعث مساجد، بازار اور ائیرپورٹس تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ ماہی گیروں کی کشتیوں کو بارش کا پانی بہا لے گیا۔ “حق دو گوادر کو“ تحریک کے سربراہ اور بلوچستان کے منتخب رکنِ اسمبلی مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ نے ویڈیو جاری کردی۔

اپنے ویڈیو بیان میں مولانا ہدایت الرحمٰن بلوچ کا کہنا ہے کہ گوادر میں طوفانی بارشوں کا الرٹ کئی روز پہلے جاری کیا گیا تھا، بدقسمتی سے اس کی تیاری نہیں کی گئی۔ ادارے کھوکھلے ہوچکے ہیں۔ ان کی کمزوریوں کی سزا غریب عوام کو بھگتنی پڑ رہی ہے۔

مولانا ہدایت الرحمٰن نے کہا کہ گھروں میں 5 سے 6فٹ تک پانی داخل ہوچکا ہے۔ تمام تر ترقیاتی کام گوادر شہر میں ہی ہوتے رہے ہیں۔ گوادر کے نکاسئ آب کے نظام پر اربوں روپے اخراجات کے دعوے کیے گئے ہیں۔ آج بارش کے باعث عوام نہ گھر میں سو سکتے ہیں نہ اٹھ کر بیٹھ سکتے ہیں۔

Related Posts