اسلام آباد: پاکستان کے مختلف شہروں میں بارش ہوگی، کراچی میں ہونے والی بارش کا پانی آج بھی سڑکوں پر موجود ہے جبکہ لاہور میں بارش کے دوران 100 فیڈرز ٹرپ کر جانے کے باعث بیشتر علاقوں کے شہریوں کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آج بھی بارش متوقع ہے۔ لاہور میں ہلکی پھلکی اور تیز بارش کا سلسلہ آج صبح سے وقفے وقفے سے جاری ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، خیبر پختونخوا، پنجاب، بلوچستان، سندھ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بارش متوقع ہے۔
کراچی اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں بارش کا پانی جمع ہوگیا۔ گزشتہ روز کے ایم سی اور کنٹونمنٹ بورڈز کے اہلکار کراچی کی مختلف گلیوں اور سڑکوں سے بارش کا جمع ہونے والا پانی نکالتے نظر آئے جبکہ مختلف سڑکوں پر پانی کے باعث عوام کو آمدورفت میں مشکلات پیش آئیں۔
لاہور میں ہونے والی بارش سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا۔ 100 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر جانے کے باعث داتا کی نگری کے بیشتر علاقے بجلی سے محروم ہو گئے۔ ترجمان لیسکو نے کہا کہ بجلی کی بحالی کیلئے کام بارش رک جانے کے بعد ہی شروع کیا جاسکتا ہے۔
سب سے زیادہ بارش لاہور کے علاقے لکشمی چوک میں 124 ملی میٹر، تاج پورہ میں 98، فرخ آباد میں 90، مغلپورہ 80، اندرونِ شہر 74، چوکِ ناخدا 65، نشتر ٹاؤن 57، گلشنِ راوی 46، جیل روڈ 34، سمن آباد 32 جبکہ اقبال ٹاؤن میں 29 ملی میٹرز ریکارڈ کی گئی۔
محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی پھلکی بارش اور بوندا باندی ہوگی۔ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا، درجۂ حرارت کم سے کم 26 اعشاریہ 5 جبکہ زیادہ سے زیادہ 34 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
اس وقت کراچی میں جنوب مغرب سے 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ ہوا میں نمی کا تناسب 84 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔قبل ازیں محکمۂ موسمیات نے 11 ستمبر تک کراچی میں بارش کی پیشگوئی کی تھی جس پر ہنگامی الرٹ جاری کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: محکمہ موسمیات کی کراچی میں تیز بارش کی پیشگوئی، الرٹ جاری
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








