کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے رمضان سپورٹ پیکج کی منظوری دے دی گئی ہے، جس کے تحت فی خاندان اوسطاً 12 ہزار 500 روپے دیے جائیں گے۔
وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی زیرصدارت خیبرپختونخوا کابینہ کے 47ویں اجلاس میں کم آمدنی والے گھرانوں کے لیے رمضان سپورٹ پیکج 2026 کی منظوری دے دی گئی۔
مشیر خزانہ مزمل اسلم نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر رواں سال 10 لاکھ 63 ہزار کم آمدن والے افراد کو رمضان پیکج فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے فی خاندان اوسطاً 12 ہزار 500 روپے دیے جائیں گے۔
خیبرپختونخوا حکومت نے 2024 میں پہلی بار فی خاندان 10 ہزار روپے رمضان پیکج دیا تھا، تاہم بڑھتی مہنگائی کے باعث اس سال پیکج میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
کابینہ اجلاس میں دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے، جن میں قرآن بورڈ کی ازسرنو تشکیل، نیشنل کمیشن برائے اقلیتی حقوق کے ارکان کی تقرری، لیویز شہدا کے لواحقین کے لیے 385 ملین روپے اضافی گرانٹ اور جنوبی اضلاع میں پولیس انفراسٹرکچر منصوبوں کے لیے اضافی فنڈز کی منظوری شامل ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








