اٹھائیسویں آئینی ترمیم کب پیش کی جاسکتی ہے؟ رانا ثناء اللہ نے بتا دیا

تازہ ترین

تازہ ترین

رانا ثناء اللہ

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ اگر تمام فریقین اتفاق رائے پر پہنچ گئے تو 28 ویں آئینی ترمیم بجٹ سے پہلے پیش کی جا سکتی ہے، اور کوشش یہی ہوگی کہ یہ عمل مئی تک مکمل ہو جائے۔ تاہم انہوں نے یہ بھی عندیہ دیا کہ جیسے جیسے مختلف معاملات پر اتفاق ہوتا جائے گا، یہ ترمیمات مرحلہ وار یا قسط وار بھی پیش کی جا سکتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ این ایف سی، صوبوں اور وفاق کے درمیان وسائل کی تقسیم، بلدیاتی انتخابات، آبادی، صحت اور اعلیٰ تعلیم جیسے امور پر اتفاق رائے ضروری ہے، اور جیسے ہی یہ مکمل ہوگا، اٹھائیسویں آئینی ترمیم بھی سامنے آجائے گی۔

مشیر سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے مزید کہا کہ جب اتفاق رائے بڑھتا جائے گا تو یہ امور ترمیم کا حصہ بنتے جائیں گے، اور اس طرح ترمیم مختلف حصوں میں بھی پیش کی جا سکتی ہے۔

رانا ثناء اللہ نے خیبرپختونخوا میں گورنر راج کے امکانات کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر کہا کہ اگر کسی موقع پر قومی سلامتی خطرے میں ہو تو قومی تحفظ ہر چیز پر مقدم ہوگا، لیکن امکان کم ہے کہ معاملہ گورنر راج تک پہنچے۔

انہوں  نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن میں صوبائی حکومت کا عمل دخل بہت محدود ہے کیونکہ اس کی قیادت مسلح افواج کر رہی ہیں، اس لیے پی ٹی آئی کے مطابق اس معاملے پر صرف بیانات جاری رہیں گے، عملی طور پر کچھ نہیں ہوگا۔

Related Posts