اسلام آباد: وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ جوڈیشل کمیشن آڈیوز ٹیپ اور لیک کرنے والوں کی تحقیقات کرسکے گا جس کی سربراہی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیرِ قیادت جوڈیشل کمیشن آڈیوز ٹیپ اور لیک کرنے والوں کی تحقیقات کا اختیار رکھتا ہے۔
عمران خان کا مقصد ملک میں فساد پھیلانا ہے، رانا ثنا اللہ
پروگرام کے دوران وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت پر عوام اور دیگر کی جانب سے دباؤ تھا کہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کرائی جائیں۔ سپریم جوڈیشل کونسل میں جانے کیلئے حکومت کے پاس مواد ہونا ضروری ہے۔ جرم پرائیویسی کی ڈھال نہیں لے سکتا۔
قبل ازیں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر قیادت وفاقی حکومت نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی جس کا کام آڈیو لیکس کی تحقیقات کرنا ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ عمران خان کا مقصد ملک میں افراتفری، فساد پھیلانا ہے، دفاعی تنصیبات، سیاسی مخالفین کے گھروں پر حملے کرنا یہ سیاسی کلچر نہیں، عمران خان نے ہر شہر میں گینگ بنائے، کسی کو بخشا نہیں جائے گا۔
میڈیا سے گفتگو کے دوران 8روز قبل رانا ثناء اللہ نے کہا کہ یہ سیاسی لیڈر نہیں ایک فتنہ ہے، یہ سیاسی جماعت نہیں ایک نفرت انگیز مائنڈ سیٹ ہے، مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کا سیاسی طور پر اختلاف رہا، ہم نے کبھی ایک دوسرے کے گھروں پر حملے نہیں کیے تھے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








