بالی ووڈ اداکار رندیپ ہوڈا اور ان کی اہلیہ اداکارہ لن لائشرم اپنی زندگی کے ایک نئے اور خوشگوار مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں، دونوں نے آج اپنے پہلے بچے کی آمد کی خبر خوشی کے ساتھ سوشل میڈیا پر شیئر کی۔
یہ خوشخبری 29 نومبر 2025 کو سامنے آئی، جو دونوں کی شادی کی دوسری سالگرہ بھی ہے۔ رندیپ اور لِن لائشرم نے انسٹاگرام پر مداحوں کے ساتھ یہ خبر شیئر کی۔ انہوں نے کھلی فضا میں الاؤ کے سامنے ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے ایک خوبصورت تصویر شیئر کی، جس کے کیپشن میں لکھا تھا:
“دو سال کی محبت، ایڈونچر اور اب… ایک ننھا سا مہمان آنے والا ہے”،
ساتھ ہی دل اور ٹائیگر ایموجیز بھی شامل تھے جو ان کے بڑھتے ہوئے خاندان کی علامت ہیں۔
اس جوڑے کی کہانی اس وقت شروع ہوئی جب ان کی ملاقات تھیٹر اداکاروں کی ایک پارٹی میں ہوئی اور کورونا لاک ڈاؤن کے دوران دونوں ایک دوسرے کے قریب آئے۔ انہوں نے 2023 میں منی پور میں لِن کے آبائی گھر میں روایتی میتئی رسم و رواج کے تحت ایک سادہ تقریب میں شادی کی۔
رندیپ ہوڈا ہندی سینما کے ایک بڑے اداکار کے طور پر جانے جاتے ہیں، جنہوں نے ہائی وے (عالیہ بھٹ کے ساتھ)، سربجیت اور سلطان جیسی بڑی فلموں میں متاثر کن کردار ادا کیے۔ دوسری جانب لن لائشرم جو منی پوری اداکارہ اور ماڈل ہیں مریم کوم، اوم شانتی اوم اور حالیہ تھرلر جانے جان جیسے قابل ذکر پروجیکٹس میں نظر آ چکی ہیں۔
ان کی جانب سے آنے والے بچے کے اعلان کے بعد مداحوں اور شوبز شخصیات کی جانب سے مبارکبادوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








