بھارت بھاگنے والی چار بچوں کی ماں کو واپس لایا جائے، علامہ راشد سومرو

تازہ ترین

تازہ ترین

 جمعیت علماء اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو کا سندھ کی خاتون سیما جاکھرانی کی چار بچوں سمیت بھارت جانے کے معاملہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مکمل تفتیش کا مطالبہ کیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یوآئی سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی، جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، گھوٹکی کے امیر مولانا اسحاق لغاری، کشمور کے امیر قاری شفیع کھوسہ اور مولانا شمس الدین بھیری سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

یہ بھی پڑھیں:

چار بچوں سمیت انڈیا بھاگنے والی پاکستانی خاتون نے دوست سے شادی کیلئے ہندو مذہب اپنالیا

ان کا کہنا تھا ایسا لگ رہا ہے کہ واقعے کی آڑ میں خطے میں مذہب کے نام پر آگ لگانے کی منظم سازش تیار کی جا رہی ہے، اس واقعے کی فی الفور تحقیقات ہونی چاہئیں کہ سیما جاکھرانی 4 بچوں سمیت کس طرح پاکستان سے براستہ دبئی، نیپال سے بھارت پہنچی ہیں انہیں ان ممالک کے ویزے کس کے توسط سے ملے۔
علامہ راشد محمود سومرو کا کہنا تھا کہ اتنے دن تک خاتون خانہ کی بچوں سمیت گمشدگی کی کوئی خبر کسی تھانے میں درج کیوں نہیں ہوئی جبکہ میڈیا بھی اس پر خاموش رہا، ایک مسلمان عورت کا فوری طور پر بھارت میں پہنچ کر ہندو مذہب قبول کرنا، ساڑھی پہننا، فرفر ہندی زبان بولنا کئی سوالات کو جنم دے رہا ہے۔

ہمیں خدشہ ہے کہ اس کھیل کے پیچھے خطے میں ہندو مسلم فسادات کی مذموم سازش نہ کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ بھی اہم سوال ہے کہ اب تک سیما جاکھرانی کے رشتہ دار اور عزیز و اقارب سامنے کیوں نہیں آئے، ان کے عزیز اقارب اور خاندان کے لوگ کون ہیں، انہیں سامنے لایا جانا چاہئے۔
ایک مسلم خاتون کس طرح چار بچوں کے ساتھ پاسپورٹ بنا کر نیپال اور پھر بھارت پہنچ جاتی ہے اور سچن نامی ہندو لڑکے سے شادی کرلیتی ہے۔
علامہ راشد سومرو نے کہا کہ پاکستان بالخصوص سندھ میں غیر مسلم لڑکی کا اپنی مرضی سے اسلام قبول کرکے مسلم لڑکے سے شادی پر آسمان سر پر اٹھانے والے نام نہاد لبرل اب کہاں ہیں، جن کی دس فٹ کی زبانیں بند نہیں ہوا کرتی کہ غیر مسلم کو زبردستی اسلام قبول کروایا جارہا ہے وہ طبقہ اب کس سرنگ میں سر چھپائے بیٹھا ہے اس طبقے کو منظرعام پر آکر اپنی پوزیشن واضح کرنی چاہئے۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت اعلیٰ سطحی کمیشن تشکیل دے کر انکوائری کرے، بھارتی حکومت سے 4 بچوں کی ماں سمیت واپسی کیلئے مؤثر اقدامات کرے۔ سندھ کے ہندو ہمارے بھائی ہیں، اسلام اقلیتوں کے جان و مال کی عزت و آبرو کی حفاظت کا حکم دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس واقعے پر سندھ قبائلی حلقوں میں شدید بےچینی اور اضطراب کی کفیت پائی جارہی ہے قبائلی لوگوں کی وائرل ویڈیو سے اندازہ لگایا جاسکتاہے کہ معاملہ کتنا حساس اور اہم ہے۔

Related Posts