جمعیت علمائے اسلام کے صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ عدالت کے پےدرپے سہولت کاری والے فیصلوں سے قوم کا ججز کے فیصلوں سے اعتماد اٹھتا جارہا ہے جو ملک کی سالمیت کیلئے خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کے بعد جے یوآئی سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات علامہ سمیع الحق سواتی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
علامہ راشدمحمود سومرو کا جے یوآئی سندھ کے ذمہ داران اور کارکنان کے نام پیغام میں کہنا تھا کہ وہ پیر کے دن اسلام آباد پہنچیں، ملک بھر سے بھی کارکنان اسلام آباد پہنچیں گے، جے یوآئی کارکنان ابھی سے نکلنے کی تیاریاں شروع کردیں، صوبہ سندھ کے کارکنان کو اسلام آباد جانے کا شیڈول آج رات تک جاری کردیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:
علمائے کرام کی اجتماعات جمعہ میں احتجاج کے نام پر جلاؤ گھیراؤ کی شدید مذمت
انہوں نے کہا کہ چند ججز نے اقربا پروری اور دباؤ کی بنیاد پر کرپشن کیس میں گرفتار عمران نیازی کو رہائی دلوا کرسہولت کاری کی ہے، دو دن میں ملک میں آگ و خون کی ہولی عمران نیازی کی ایماء پر کھیلی گئی لیکن پی ٹی آئی کی بدترین ملک دشمنی پر عدلیہ نے آنکھیں موند کر اس کی رہائی کا فیصلہ دیکر ثابت کیا کہ وہ انصاف کے تقاضوں کو پورا نہیں کررہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کرپشن اور قومی املاک کو نذر آتش کرکے حساس تنصیبات پر حملے کروانا، بلوائیوں کی سرپرستی کرنا ملک دشمنی ، بغاوت اور جرم نہیں تو پھر عدالت جرائم کی نئی تشریح بتلائے۔
انہوں کہا کہ عمران نیازی اقتدار کی ہوس میں ملک کی سلامتی کو داؤ پر لگا چکے ہیں تو اب سڑکوں پرفیصلہ ہوگا کہ عوام کو وطن سلامتی کتنی عزیز ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی کال پر پیر کے دن لاکھوں پاکستانی عوام جوق در جوق اسلام آباد پہنچ کر ثابت کریں گے وہ ملک کی سلامتی اور بقا پر کوئی کمپرومائز نہیں کریں گے اور مجرموں کو بچانے کیلئے ہونے فیصلوں کو مسترد کردیں گے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








