راولپنڈی:سیکورٹی فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے باجوڑ میں دہشت گردوں کے خفیہ ٹھکانے پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے ذریعے دہشت گردی کے بڑے نیٹ ورک کا قلع قمع کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے جاری کردہ بیان کے مطابق انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن باجوڑ کے گاؤں تنگی کے قریب کیا گیا۔آپریشن کے دوران دہشت گرد کمانڈر زبیر اور عزیز الرحمان عرف فدا ماردیئے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق یہ دونوں دہشت گرد باجوڑ اور کراچی میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھے۔ دہشت گرد نیٹ ورک پاکستان کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے لیئے کوآرڈینیٹ کرتا تھا۔
دہشت گرد نیٹ ورک کو سرحد پار سے را اسپانسرڈ لیڈر شپ سے براہ راست احکامات دیئے جاتے تھے، واضح رہے کہ کمانڈر زبیر باجوڑ اور ملحقہ علاقوں میں آپریشنل کمانڈر تھا۔ کمانڈر عزیز الرحمان کی بیوی کراچی میں ویمن ونگ کی نگران تھی۔
کمانڈر عزیز الرحمان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے مقامی پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ایک ماہ کے دوران باجوڑ میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خاتمے کیلئے خفیہ اطلاعات پر مبنی کارروائیاں کی گئیں۔کارروائیوں کے دوران 19 نومبر کو دہشتگرد کمانڈر خلیل مارا گیا۔
جس میں سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ کے علاقے منڈل میں کمانڈر خلیل کے ٹھکانے کیخلاف کارروائی کی تھی۔ دہشت گرد کمانڈر خلیل آئی ای ڈی حملوں،بھتہ خوری اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا۔جو آپریشن میں مارا گیا تھا۔