راولپنڈی پولیس نے ملنگا گینگ کے 5ملزمان کو اسٹریٹ کرائمز، کار چوری، موٹر سائیکل چوری، موبائل اسنیچنگ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے سمیت دیگر جرائم میں گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کینٹ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملنگا ڈکیت گینگ کے 5 ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے 2 مہران کاریں، 20 موٹر سائیکلز، 1 رکشہ، 25 موبائل فونز، چوری کی گئی رقم 1 لاکھ 80 ہزار روپے اور اسلحہ برآمد ہوا۔
ایس پی پوٹھوہار ناصر نواز کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کے شہریوں کو ان کے قیمتی اثاثوں سے محروم کرنے والے ملزمان قانون کی گرفت سے بچ نہیں سکتے۔ ملنگا گینگ سے برآمد کی گئی رقم اور چوری شدہ اشیاء مالکان کے حوالے کی جائے گی۔ پولیس نے ملزمان سے تفتیش شروع کردی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل راولپنڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ہی خاندان کے 2 بچوں سمیت 5افراد کو قتل کرنے والے سفاک ملزمان کو گرفتار کر لیا۔حکام کا کہنا تھا کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔
پنڈی کے علاقے چونترہ میں رواں ماہ کے آغاز میں مؤثر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ایک ہی خاندان کے 5افراد کو قتل کرنے والے 3مرکزی ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے سابقہ دشمنی کی بنیاد پر فائرنگ کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر جاری بیان کے مطابق چونترہ پولیس نے مقتولین عاطف، شجاع، ثاقب، انابیہ اور تابندہ کو تینوں ملزمان نے رواں برس کے آغاز میں قتل کیا۔ واقعے کا مقدمہ 8جنوری کو درج ہوا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








