سروس کے بعد پیسے دینے سے انکار؟ تھائی لینڈ میں ٹرانس جینڈرز نے بھارتی سیاح کو دھو ڈالا؛ ویڈیو دیکھیں

تازہ ترین

تازہ ترین

(فوٹو؛ اسکرین گریب)

تھائی لینڈ کے سیاحتی شہر پتایا میں ایک ایسا واقعہ پیش آیا جس نے نہ صرف مقامی پولیس بلکہ سوشل میڈیا صارفین کو بھی چونکا کر رکھ دیا۔ 25 سالہ بھارتی سیاح مبینہ طور پر ایک ٹرانسجینڈر خاتون سے بدتمیزی کے بعد تشدد کا نشانہ بن گیا اور معاملہ دیکھتے ہی دیکھتے ہائی ہیل کے وار، چیخ و پکار اور سڑک پر ہنگامے تک جا پہنچا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی سیاح اور ایک ٹرانسجینڈر خاتون منترہ (Ms. Mintra) کے درمیان طے شدہ ادائیگی کے تحت نجی سروس کا معاہدہ ہوا تھا تاہم اسی دوران تنازع اس وقت کھڑا ہو گیا جب سیاح پر الزام عائد کیا گیا کہ اس نے جنس کی تصدیق کے بہانے نامناسب حرکت کی۔ الزام سامنے آتے ہی ماحول کشیدہ ہو گیا اور تلخ کلامی ہاتھا پائی میں بدل گئی۔

پولیس کے مطابق مشتعل ٹرانس جینڈر منترہ نے مبینہ طور پر ہائی ہیل اتار کر سیاح پر وار کر دیا جس کے باعث وہ زخمی ہو گیا اور موقع پر ہی گر پڑا۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد وہاں موجود دیگر ٹرانس جینڈر بھی جذباتی ہو گئے اور چند لمحوں کے لیے صورتحال بے قابو نظر آنے لگی۔

اطلاعات کے مطابق پولیس کے پہنچنے سے قبل ملزمہ موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئی جبکہ زخمی سیاح کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی باضابطہ تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا تنازع صرف بدتمیزی کا نتیجہ تھا یا اس کے پیچھے ادائیگی سے انکار یا معاہدے کی خلاف ورزی بھی شامل تھی جیسا کہ بعض رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب یہ واقعہ سوشل میڈیا پر شدید بحث کا موضوع بن چکا ہے۔ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سیاحوں کو مقامی قوانین، ثقافت اور سماجی حدود کا احترام کرنا چاہیے جبکہ دیگر افراد نے تشدد کو کسی بھی صورت میں ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمہ کی تلاش جاری ہے اور گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ واقعہ ایک بار پھر اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ سیاحتی مقامات پر لاپرواہی، بدتمیزی اور قانون سے انحراف کس طرح بڑے تنازعات کو جنم دے سکتا ہے۔

Related Posts