منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، حکومت فوری واپس لے، سراج الحق

تازہ ترین

تازہ ترین

منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، حکومت فوری واپس لے، سراج الحق
منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، حکومت فوری واپس لے، سراج الحق

رحیم یار خان: امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ منی بجٹ کو مسترد کرتے ہیں، حکومت واپس لے، ایوان کے اندر اور باہر بھرپور مخالفت کریں گے۔ مراعات یافتہ طبقہ کو ساڑھے چار کھرب ٹیکسز کی چھوٹ ہے،منی بجٹ میں لگائے گئے ٹیکسز غریب عوام کا خون نچوڑ کر حاصل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ساڑھے تین سالوں میں 39ارب ڈالرز کے قرضے لیے،سود اور قرض ادا کر کے غریب قوم پہلے ہی سب کچھ ہار چکی ہے،عوام مہنگائی کا مزید بوجھ برداشت نہیں کر سکتے، قومی سلامتی کے مشیر کی سلطانی گواہی سے ثابت ہو گیا کہ حکمران امریکا کے غلام ہیں۔

حکومت کی دم کہیں اور سر کہیں اور ہے،ملک کی خارجہ اور داخلہ پالیسیاں واشنگٹن کے اثر میں ہیں،آئی ایم ایف اور امریکا کی غلامی کی بجائے حکمران گھر جائیں، پی ٹی آئی لوکل گورنمنٹ الیکشن سے بھاگ رہی ہے۔

حکومت خوفزدہ ہے کے پی والا معاملہ کہیں پنجاب میں نہ ہو جائے،مری میں لوگوں کی اموات حکومت کی مس مینجمنٹ اور لاپرواہی سے ہوئیں،امید تھی وزیراعظم اور وزیراعلیٰ نااہلی پر قوم سے معافی مانگیں گے، مگر وزرا ڈھکے چھپے لفظوں میں ملبہ سیاحوں پر ہی ڈال رہے ہیں۔

مری میں وزیراعلیٰ، گورنر ہاؤسز، سرکاری ریسٹ ہاؤسز غریب عوام کے لیے کیوں نہیں کھولے گئے، چترال سے کراچی تک پی ٹی آئی کی مینجمنٹ بری طرح پٹ گئی، جنوبی پنجاب کا کسان ذلیل ہو رہا ہے،کاشتکار لائنوں میں کھڑے ہو کر کھاد خریدنے پر مجبور ہیں۔

یوریا کی بوری قیمت سے ایک ہزارروپے زیادہ بلیک میں بک رہی ہے،مافیاز، جاگیردار، وڈیرے عوام کی پریشانیوں اور محرومیوں کے ذمہ دار ہیں، قائداعظم نے پاکستان انگریز کے غلاموں کے لیے نہیں بنایا تھا،پی پی، ن لیگ اور پی ٹی آئی آپس میں ایک ہیں، لڑائی مفادات کے لیے ہے۔

ملک میں عوام اور حکمرانوں کی دو الگ الگ دنیائیں آباد ہیں، وسائل اور قدرتی دولت سے مالا مال ملک میں غریب دو وقت کے کھانے کیلئے ترس رہا ہے اور دوفیصد اشرافیہ دولت کے انبار پر بیٹھی ہے،لٹیروں کا کوئی احتساب کرنے والا نہیں،ملک کو اسلامی نظام چاہیے۔

مزید پڑھیں: عوام کے سانس لینے پر بھی 17فیصد جنرل سیلز ٹیکس، ریحام خان نے منی بجٹ سے متعلق اہم دعویٰ کردیا

ان خیالات کا اظہار انھوں نے رحیم یار خان میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگواور بلدیاتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں انھوں نے پروچڑاں شریف میں جامع مسجد کا افتتاح کیا۔

Related Posts