مہنگی فیس لیکر تعلقات میں استحکام کا گیان بانٹنے والی ریلیشن شپ کوچ سعدیہ خان پر ارب پتی شخص کے ساتھ غلط تعلقات کا الزام

تازہ ترین

تازہ ترین

ہائی ویلیو کوچ سعدیہ خان، فوٹو ڈیجیٹل میڈیا

معروف ریلیشن شپ کوچ سعدیہ خان ایک بڑے تنازعے کا شکار ہوگئی ہیں، ان کی مبینہ آڈیو ریکارڈنگز اور پیغامات لیک ہونے کے بعد ان پر ایک ایسے شخص کے ساتھ تعلقات کا الزام عائد کیا جا رہا ہے جو کسی دوسری خاتون کا منگیتر ہے۔

 سعدیہ خان، جو برطانیہ میں پلی بڑھیں اور اس وقت دبئی میں مقیم ہیں اور ہزاروں ڈالر فیس لیکر ریلیشن شپ کنسلٹنسی سروس فراہم کرتی ہیں، نے اپنے کیریئر کی بنیاد ’’ہائی ویلیو وومن‘‘ کے تصور پر رکھی۔ وہ مہنگے کوچنگ پیکجز کے ذریعے خوداعتمادی، رشتوں میں کامیابی اور ذاتی تبدیلی کا گیان بانٹتی تھیں، جن کی فیس تین ماہ کے کورس کے لیے آٹھ ہزار ڈالر سے زائد بتائی جاتی ہے۔

لیکن حالیہ لیکس نے ان کے قائم کردہ تاثر کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ رپورٹس کے مطابق معاملہ اس وقت سنگین ہوا جب مذکورہ شخص کی منگیتر نے براہِ راست انہیں پکڑ لیا۔ اس کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا۔

اس واقعے کے بعد فالورز اور ناقدین کی بڑی تعداد نے ان کی دیانت داری پر سوال اٹھائے اور ان کے مہنگے پیکجز اور قابلیت کی حقیقت پر بحث شروع کردی ہے۔

فی الحال سعدیہ خان کی ساکھ غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے اور یہ آنے والے دنوں میں ان کے اقدامات اور عوامی ردعمل پر منحصر ہوگا کہ آیا ان کا برانڈ اس بحران سے نکل پاتا ہے یا نہیں۔

Related Posts