فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جعلی رسید کی رپورٹ کرنے پر انعام مقرر کردیا۔
ٹیکس وصولی کے وفاقی ادارے ایف بی آر کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق ٹیکس آسان موبائل ایپ پر ریسٹورنٹس اور ریٹیلیرز کی رسید کی کیو آر کوڈ سے تصدیق کی جاسکتی ہے۔
ایف بی آر کے بیان کے مطابق جعلی رسید رپورٹ کرنے والے شہری کو 20 ہزار روپے نقد انعام دیا جائے گا۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ رسید کی تصدیق نہ ہو تو موقع پر ہی جیو ٹریکنگ سے جعلی رسید کو رپورٹ کیا جاسکتا ہے۔ ایف بی آر کے مطابق رپورٹنگ کا طریقہ کار اور تفصیلات ایف بی آر کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔
واضح رہے کہ متعدد شہریوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر یہ شکایات اٹھائی گئی ہیں کہ ریسٹورنٹس میں کھانے کا بل یا تو تصدیق شدہ نہیں ہوتا یا بل ہی نہیں دیا جاتا۔ جس کا مطلب یہ ہے کہ ریسٹورنٹس والے شہریوں سے حکومت کے نام پر ٹیکس تو وصول کرلیتے ہیں مگر اسے جمع نہیں کراتے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








