اسلام آباد:وفاقی دارلحکومت کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں سے اسلحہ لائسنس،ڈومیسائل اور انٹرنیشنل ڈرائیونگ لائسنس کی مد میں 78لاکھ 62 ہزار روپے ذائد وصول کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
آڈیٹر جنرل کی جانب سے جاری ہونے والے دستاویزات کے مطابق ڈپٹی کمشنر آفس اسلام آباد نے مالی سال 2019/20کے دوران شہریوں سے لاکھوں روپے کی اضافی رقم غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس،بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس اور ڈومیسائل بنانے کے دوران وصول کی ہے۔
دستاویزات کے مطابق اسلام آباد کی انتظامیہ نے مالی سال کے د وران 2ہزار69غیر ممنوعہ بور کے اسلحہ لائسنس جاری کئے،تاہم اسلحہ لائسنس کے لئے ڈیٹا بیس بنانے کا معاہدہ بھی نادرہ حکام کے ساتھ نہیں کیا گیا۔
دستاویزات کے مطابق شہریوں سے 78لاکھ 62 ہزار کی رقم بغیر کسی منظوری کے کیش کی صورت میں وصول کرنے اور اس رقم میں سے 62لاکھ 30 ہزار روپے وزارت خزانہ کی منظوری کے بغیر خرچ کردئیے گئے ہیں۔

جس پر ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے بتایا گیا کہ اسلحہ لائسنس کے حوالے سے نادرہ کے ساتھ ڈیٹا بیس بنانے کے منصوبے پر کام جاری ہے تاہم آڈٹ کی جانب سے اعتراضات کے بعد شہریوں سے ڈومیسائل،اسلحہ لائنس اور بین الاقوامی ڈرائیونگ لائسنس بنانے پر اضافی رقم کی وصولی بند کردی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی میں چھاپے، پولیس مقابلے، ڈاکوؤں اور میاں بیوی سمیت 31ملزمان گرفتار
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








