کراچی میٹرک بورڈ نے نویں جماعت (سائنس اور جنرل گروپ، ریگولر و پرائیویٹ) کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج جاری کر دیے، مگر ویب سائٹ کی خرابی نے خوشی کو پریشانی میں بدل دیا۔
تفصیلات کے مطابق بورڈ نے نتائج کا اعلان بدھ کو دوپہر میں کیا اور انہیں شام چار بجے تک ویب سائٹ پر اپ لوڈ کرنے کا اعلان کیا تھا، تاہم سرور کی خرابی کے باعث ہزاروں طلبہ اپنا نتیجہ دیکھنے سے محروم رہے۔
طلبہ اور والدین کا کہنا ہے کہ جدید دور میں جب امتحانی گزٹ جاری نہیں کیا جاتا اور تمام انحصار آن لائن سسٹم پر ہوتا ہے، تو اس طرح کی تکنیکی ناکامی بورڈ انتظامیہ کی غفلت کو ظاہر کرتی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق رواں سال سائنس گروپ میں ایک لاکھ 77 ہزار سے زائد طلبہ نے امتحان میں حصہ لیا، جن میں سے ایک لاکھ 33 ہزار نے تمام پرچوں میں کامیابی حاصل کی۔ کامیابی کا مجموعی تناسب 78 فیصد سے زیادہ رہا۔
تاہم بورڈ کی ویب سائٹ مسلسل بند رہنے کے باعث کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود طلبہ اپنے نتائج تک رسائی حاصل نہ کر سکے، جس سے اُن کی ذہنی اذیت میں اضافہ ہو گیا۔
طلبہ نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آن لائن سسٹم کو فوری طور پر فعال بنایا جائے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے مسائل سے بچا جا سکے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








