لاس اینجلس: مشہورومعروف کاروباری شخصیت اور گلوکارہ و اداکارہ ریحانہ کے اثاثہ جات کی مالیت 1 ارب 70 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی جس کے بعد ریحانہ کو ارب پتی قرار دے دیا گیا۔
انگریزی میں گیت گانے والی فنکارہ کے متعلق بین الاقوامی جریدے فوربز کا کہنا ہے کہ ریحانہ دنیا کی دولت مند ترین موسیقار خواتین میں شامل ہو گئی ہیں۔ آر اینڈ بی کی گلوکارہ گانوں کے چارٹس پر نمایاں مقام حاصل کرنے کے بعد نیا کاروبار شروع کیا۔
ہالی ووڈ اداکارہ و گلوکارہ ریحانہ نے میک اپ، کاسمیٹکس اور فیشن کے کاروبار سے لاکھوں کروڑوں ڈالرز کمائے اور اب موسیقی کے دیگر ستاروں بشمول میڈونا اور بیونس کے مقابلے پر فن کا مظاہرہ کرتی نظر آتی ہیں۔
بارباڈوس سے تعلق رکھنے والی گلوکارہ روبن ریحانہ سب سے پہلے 2005 میں منظرِ عام پر آئیں اور عالمی سطح پر وی فاؤنڈ لوو اور امبریلا جیسے گیت گا کر بے حد شہرت حاصل کی اور اپنے فن کا مظاہرہ کرکے کافی دولت کمائی۔
بین الاقوامی جریدے فوربز کا کہنا ہے کہ ریحانہ کی آمدنی میں سے 1 اعشاریہ 4 ارب کی خطیر رقم انہیں اپنی کاسمیٹکس کمپنی فینٹی بیوٹی سے حاصل ہوئی جس میں فرانسیسی فیشن کمپنی ایل وی ایم ایچ ان کی شراکت دار ہے۔
قبل ازیں فینٹی بیوٹی کے نام سے کمپنی کا آغاز 2017 میں کیا گیا جس کا مقصد میک اپ اور اسکن ٹونز کو میچ کرنے والی پراڈکٹس متعارف کرانا تھا۔ ریحانہ کی ایک اور کمپنی سیویج ایکس بھی ان کی دولت میں 27 کروڑ ڈالرز کا اضافہ کرچکی ہے۔
فوربز کا کہنا ہے کہ فینٹی بیوٹی کی کامیابی کا سہرا ریحانہ کے سر صرف اس لیے نہیں کیونکہ وہ ایک مشہور شخصیت ہیں اور لوگ ان کی پراڈکٹس خریدتے ہیں بلکہ اس لیے بھی ہے کہ انہوں نے متنوع اوصاف کی حامل معیاری پراڈکٹس متعارف کرائیں۔
یہ بھی پڑھیں: ریمبو اور صاحبہ کی فلم آم کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








