عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر رضوان اور شاداب کا ردعمل

تازہ ترین

تازہ ترین

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور لیگ اسپنر شاداب خان کا ردعمل آگیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر ٹوئٹ کرتے ہوئے محمد رضوان نے عماد وسیم کی ریٹائرمنٹ پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجھے پختہ یقین ہے کہ پاکستان کیلئے بین الاقوامی کرکٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے کیلئے آپ کے پاس ابھی کئی سال باقی ہیں، زندگی کے ہر مرحلے میں آپ کیلئے نیک خواہشات ہیں! کامیاب رہیں۔

لیگ اسپنر شاداب خان نے عماد وسیم کو شاندار کیرئیر پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے ساتھ کھیل کر خوشی ہوئی، کیریئر کی نئی اننگز میں آپ کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں آل راؤنڈر عماد وسیم نے سوشل میڈیا کے ذریعے اچانک انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے پاکستان کرکٹ بورڈ، کھلاڑیوں اور مداحوں کو حیران کردیا تھا۔

سابق کپتان راشد لطیف کا کہنا ہے کہ عماد وسیم کو ریٹائرمنٹ کا فیصلہ واپس لے لینا چاہیے، وہ پاکستان کے سب سے اچھے اسپنر ہیں، ان کی بیٹنگ سے بھی قومی ٹیم کو بہت مدد مل سکتی ہے۔ 

آئندہ سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شیڈول ورلڈکپ کا ذکر کرتے ہوئے سابق کرکٹر نے کہا کہ اگر ٹیم کا سب سے کارآمد کھلاڑی نہیں ہوگا تو اس میں عماد وسیم کا نہیں ملک کا نقصان ہے۔

Related Posts