پاکستان کی پہلی الیکٹرک ٹرام سروس کے روٹ کا اعلان، لاہور کے کونسے علاقوں میں چلے گی؟

تازہ ترین

تازہ ترین

route announced for pakistans first electric tram service
ONLINE

لاہور میں جدید اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ نظام کی جانب ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے حکومت پنجاب نے پاکستان کی پہلی الیکٹرک ٹرام سروس کے آغاز کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔

اس منصوبے کا مقصد شہریوں کو کم لاگت، ماحول دوست اور جدید سفری سہولیات فراہم کرنا ہے جو کہ لاہور کے پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورک میں ایک اہم اضافہ ہوگا۔

ترجمان اورنج لائن میٹرو کے مطابق، الیکٹرک بسوں کے بعد اب لاہور میں الیکٹرک ٹراموں کا تجرباتی آغاز کیا جا رہا ہے جس کے لیے چین سے جدید ترین الیکٹرک ٹرامیں درآمد کی گئی ہیں۔

ان ٹراموں کی خاص بات یہ ہے کہ یہ صرف 10 منٹ کی چارجنگ کے بعد 25 سے 27 کلومیٹر تک کا فاصلہ طے کر سکتی ہیں، جو کہ انہیں نہایت مؤثر، سستا اور پائیدار سفری حل بناتی ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ہر ٹرام میں تین کمپارٹمنٹ ہوں گے اور ایک وقت میں 250 مسافروں کو بآسانی لے جانے کی صلاحیت ہو گی۔ اس وقت ان ٹراموں کی اسمبلنگ لاہور کے علی ٹاؤن ڈپو میں جاری ہے، جہاں ماہر انجینئرز اور تکنیکی عملہ چینی ماڈل کے مطابق ان کی تیاری میں مصروف ہے۔

ابتدائی طور پر اس سروس کا آغاز تجربی بنیادوں پر کیا جا رہا ہے، جس کا پائلٹ روٹ ٹھوکر نیاز بیگ سے ہربنس پورہ تک ہوگا۔

ٹرام سروس کی آزمائشی مدت کے دوران شہریوں کو یہ سہولت مکمل طور پر مفت فراہم کی جائے گی تاکہ نظام کا جائزہ لیا جا سکے اور عوامی فیڈبیک کی روشنی میں اسے بہتر بنایا جا سکے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق اگر یہ آزمائشی منصوبہ کامیاب رہا تو شہر کے دیگر علاقوں میں بھی ٹرام روٹس کا آغاز کیا جائے گا اور معمول کے مطابق ٹکٹ سسٹم متعارف کرایا جائے گا۔

یہ منصوبہ نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی کا باعث بنے گا بلکہ لاہور جیسے مصروف شہر میں ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ ٹرانسپورٹ ماہرین اس اقدام کو پاکستان کے شہری ٹرانسپورٹ نظام میں انقلابی پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

Related Posts