ماسکو: روسی صدر پیوٹن نے پیر کے روز شام اور ترکی کو مدد کی پیشکش کی ہے، یاد رہے کہ دونوں ممالک میں 7.8 شدت کے زلزلے میں 1400 سے زائد افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے ہیں۔
روس، جو شام کے صدر بشار الاسد کا قریبی ساتھی ہے جبکہ بڑی تعداد میں روسی فوج شام میں موجود ہے، پیوٹن کے ترکی کے صدر طیب اردگان کے ساتھ بھی گہرے تعلقات ہیں۔
پیوٹن نے پیر کو اردگان کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ ”براہ کرم اپنے ملک میں زلزلے سے ہونے والے انسانی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پر میری تعزیت قبول کریں۔”انہوں نے مزید کہا کہ ”ہم اس سلسلے میں ضروری مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں۔”
اس کے علاوہ، روسی صدر نے بشار الاسد کو بتایا کہ روس ”اپنے پیاروں کو کھونے والوں کے دکھ اور درد میں شریک ہے” اور کہا کہ روس مدد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔
مزید پڑھیں:ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 1400سے تجاوز کر گئی
اس سے قبل روس کی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ شام میں اس کی فوجی تنصیبات کو زلزلے سے کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








