لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے پی ٹی آئی کو درپیش مسائل کی بڑی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ غلطی چند لوگ کرتے ہیں، سزا ساری پارٹی کو ملتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں سابق وزیر اعلیٰ غلام حیدر وائیں کی برسی کے موقعے پر تقریب سے خطاب کے دوران ن لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ آج جو باری دے رہے ہیں، انہیں پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ اب آپ کی ہی باری ہوگی۔
تقریب سے خطاب کے دوران خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اسٹیبلشمنٹ کے سیاسی جماعتیں بنانے سے مشکلات جنم لیتی ہیں، سیاسی جماعتوں نے نہ تو کچھ سیکھا ہے اور نہ ہی یہ اپنا منشور پڑھنے کی روادار ہیں۔ بلوچستان کے حالات تشویشناک ہیں۔
خطاب کے دوران خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جس پارٹی کو آج رگڑا دیا جارہا ہے، ان لوگوں کو بھی اسی وجہ سے اس موڑ پر آ کر کھڑے ہونا پڑا ہے کہ انہوں نے کچھ نہیں سیکھا۔ نتیجہ یہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو باری دینی پڑتی ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ میں اپنی پارٹی سمیت ہر سیاسی جماعت سے سوال کرتا ہوں کہ بلوچستان میں کام کیوں نہیں کیاجاتا؟ وہاں سے الیکٹیبلز لے لیے جاتے ہیں اور وقت آنے پر یہ لوگ بھاگ کھڑے ہوتے ہیں۔ جمہوریت ریموٹ کنٹرول سے نہیں چلائی جاسکتی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








