عدالت نے پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مشہورومعروف اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردئیے جبکہ دونوں فنکاروں پر مسجد وزیر خان کے تقدس کو پامال کرنے کا الزام عائد ہے۔
بدھ کے روز لاہور کی ضلعی عدالت نے صبا قمر اور بلال سعید کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جویریہ منیر بھٹی نے عدالت میں سماعت کے موقعے پر حاضر نہ ہونے پر دونوں فنکاروں پر 30 ہزار روپے فی کس جرمانہ بھی عائد کیا۔
فیس بک پر شیئر کیے گئے صبا قمر کے ایک نوٹیفکیشن کے مطابق دونوں فنکاروں کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردئیے گئے ہیں۔اس موقعے پر اداکارہ نے صحافی برادری کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے زرد صحافت کے خاتمے اور اچھی تحقیق پر زور دیا۔
اپنی فیس بک پوسٹ میں اداکارہ صبا قمر نے کہا کہ اگر صحافی برادری ذمہ دارانہ رپورٹنگ کرے اور اچھی تحقیق کرکے خبریں عوام تک پہنچائے تو اس کا کوئی متبادل نہیں ہوتا جبکہ دونوں فنکاروں کے خلاف مسجد کا تقدس پامال کرنے سے متعلق کیس گزشتہ برس دائر کیا گیا۔
گزشتہ برس اگست کے دوران اکبری تھانہ لاہور میں ایڈووکیٹ فرحت منظور نے صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی تھی جس کا تعلق قبول ہے نامی گیت سے ہے۔ سیشن کورٹ نے قانون کے مطابق ویڈیو بنانے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔
سوشل میڈیا صارفین نے تاریخی مسجد میں گانے کی ویڈیو ریکارڈ کرنے پر صبا قمر اور بلال سعید کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ صبا قمر کا کہنا تھا کہ ویڈیو ایک نکاح کے سین کیلئے شوٹ کی گئی تھی جو مسجد میں کیا جاتا ہے۔ اس کے پس منظر میں موسیقی نہیں تھی۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان عمر شریف کی مدد کیلئے تیار، شہباز گل کی تصدیق
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








