صبا قمر کا کیس نمبر 9شہرت کی نئی بلندیوں پر، آخری دوقسطیں عوامی توجہ کا مرکز بن گئیں

تازہ ترین

تازہ ترین

کیس نمبر 9
(فوٹو: آن لائن)

معروف پاکستانی اداکارہ صبا قمر اور فیصل قریشی کا ٹی وی سیریل کیس نمبر 9شہرت کی نئی بلندیوں کو چھو گیا، جس کی اب تک نشر کی گئی آخری دو قسطیں عوامی توجہ کا مرکز بن گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈرامہ سیریل کیس نمبر 9 کو شاہزیب خانزادہ جیسے کہنہ مشق صحافی نے تحریر کیا جن کا بطور ڈرامہ نگار یہ پہلا تجربہ ہے تاہم ڈرامے کا مرکزی خیال یہ ہے کہ جنسی زیادتی کے کیسز میں خواتین کو ثبوت کی بجائے کم ہمتی مار ڈالتی ہے۔

ایک ہفتے میں دو روز نشر ہونے والا کیس نمبر 9 مقبولیت کے نئے ریکارڈز قائم کررہا ہے اور ڈرامے کی اب تک پیش کی گئی آخری قسط نمبر 22 نے گزشتہ 18 گھنٹوں میں یوٹیوب پر 20لاکھ سے بھی زیادہ ویوز حاصل کرلیے ہیں۔ مداحوں نے قسط پر کیے گئے تبصروں میں فنکاروں کی تعریفوں کے پل باندھ دئیے۔

اس سے قبل ڈرامہ سیریل کیس نمبر 9 کی 21ویں قسط نے بھی عوامی توجہ حاصل کی جس کے ویوز اب تک 30لاکھ 63 ہزار سے زائد ہوچکے ہیں اور عوام کی بڑی تعداد ڈراموں کی ان اقساط کو اب تک بہت دلچسپی اور تجسس کے ساتھ دیکھ رہی ہے جس سے ڈرامہ نگار کی کامیابی کا ثبوت ملتا ہے۔

ڈرامے کی کاسٹ

مختلف میڈیا رپورٹس میں اس ڈرامے کی شہرت کی وجوہات میں سے ایک اس کی ہیوی ویٹ اسٹار کاسٹ کو بھی قرار دیا گیا ہے جن میں فیصل قریشی، صبا قمر، آمنہ شیخ، نورالحسن، جنید خان، گوہر رشید، نوین وقار اور حنا خواجہ بیات کے نام شامل ہیں۔

ڈرامے کی کہانی

دلچسپ طور پر اس ڈرامے کی کہانی بہت پیچیدہ نہیں بلکہ سادہ ہے جو اکثر مختلف چینلز پر ڈراموں میں نظر بھی آتی ہے کہ کسی خاتون کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور پھر اس کے بعد انصاف کے حصول کی جنگ شروع ہوگئی۔ کئی مقدمات کمزور شواہد اور ناکافی ثبوت کی بنیاد پر وقت سے قبل ختم ہوجاتے ہیں تاہم بے شمار واقعات کو رپورٹ ہی نہیں کیاجاتا۔

ڈرامے میں کام کے مقامات پر خواتین کے ساتھ پیش آنے والے ہراسگی کے واقعات پر روشنی ڈالی گئی ہے لیکن صبا قمر یعنی سحر معظم اس گھناؤنی سوچ کے خلاف اٹھ کھڑی ہوتی ہے تو اس کا طاقتور، عیاش اور بااثر باس فیصل قریشی یعنی کامران دھوکے سے گھر پر بلا کر اس کے دامن پر داغ لگا دیتا ہے اور پھر یہ قانونی جنگ شروع ہوجاتی ہے۔ کامران چاہتا ہے کہ وہ بد کردار ثابت ہوجائے اور سحر صرف انصاف چاہتی ہے۔

Related Posts