بالی ووڈ کے مشہور رومانٹک اور ایکشن ہیرو سلمان خان کی آنے والی فلم ’’ رادھے ‘‘ کی ریلیز کورونا وائرس کی وجہ سے ملتوی ہونے کے باعث آئندہ سال عیدالفطر پر ریلیز ہونے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اداکار سلمان خان کا کہنا تھا کہ وہ اور ان کی ٹیم اس سال عید پر رادھے کو ریلیز کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن جاری رہا تو فلم اگلے سال عید پر ریلیز ہوسکتی ہے۔
سلمان خان نے لوگوں سے بھی اپیل کی کہ وہ وباء سے بچنے کیلئے اپنا خیال رکھیں ، ماسک پہنیں ، معاشرتی فاصلہ رکھیں اور حکومت کی طرف سے عائد پابندیوں پر عمل کریں تو یہ ممکن ہے کہ کورونا وائرس کا زور ٹوٹ جائے۔
انہوں نے کہاکہ اگر ایسا ہوتا ہے تو کورونا وائرس ‘جلد ہی ختم ہوجائے گا اورہم لاک ڈاؤن سے نکل جائینگے اورتب ہم فلم ریلیز کریں گے۔ سلمان خان نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے کیسزمیں اضافہ نہ صرف تھیٹر مالکان بلکہ روزمرہ اجرت کمانے والوں کے لئے بھی نقصان دہ ہے۔
یاد رہے کہ ہندوستانی اداکار نے رواں سال عید پر فلم رادھے کی ریلیز کا اعلان کیا تھا لیکن ایسا لگتا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے یہ ممکن نہیں ہوگا۔