قومی اسمبلی میں نامناسب تقریرپر ثناء اللہ مستی خیل معطل، عوام کی دادوتحسین

تازہ ترین

تازہ ترین

ثناء اللہ مستی خیل
(فوٹو: اسکرین گریب)

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں نامناسب تقریر پر ثناء اللہ مستی خیل کو معطل کردیا گیا ہے جبکہ تقریر کی یوٹیوب پر اپ لوڈ کی گئی ویڈیو پر عوام کی دادوتحسین بھی جاری ہے۔

گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس میں تقریر کے دوران سنی اتحاد کونسل کے رکن ثناء اللہ مستی خیل نے کہا کہ حکومت فارم 47 کے تحت بنی، عوام نے ان کو ٹھکرایا، ووٹ عمران خان کو ملا جس نے اقوامِ متحدہ میں کھڑے ہو کر اسلام کا مقدمہ لڑا تھا۔

ثناء اللہ مستی خیل نے وزیر دفاع خواجہ آصف کے خلاف انتہائی نازیبا زبان استعمال کی جس پر اسپیکر نے ان کو ٹوک دیا۔ انہوں نے کہا کہ خواجہ آصف کی باتوں پر رونا آتا ہے، آپ پیسے لے کر ناک کٹوا کر الیکشن لڑتے رہے۔

نجی ٹی وی آپ نیوز کا ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ ثناء اللہ مستی خیل کے نازیبا بیان پر خواتین اراکین کا اسپیکر چیمبر پہنچ کر احتجاج رنگ لے آیا، اسپیکر نے قومی اسمبلی رکن ثناء اللہ مستی خیل کی رکنیت موجودہ سیشن کیلئے معطل کردی۔

دوسری جانب یوٹیوب پر خواجہ آصف کے خلاف تقریر کو عوام کی بڑی تعداد نے سراہا ہے۔ سوشل میڈیا صارفین نے حکومت پر کڑی تنقید کی اور کہا کہ ثناء اللہ مستی خیل نے اپنے حلقے اور تحریکِ انصاف والوں کا حق ادا کردیا ہے۔

یوٹیوب پر ثناء اللہ مستی خیل کی ویڈیو وائرل ہوگئی جسے گزشتہ 1 روز کے دوران 89 ہزار کے لگ بھگ افراد دیکھ چکے ہیں جن میں سے 6 ہزار افراد نے ویڈیو کو لائیک کیا۔ واضح رہے کہ ثناء اللہ مستی خیل کی تقریر میں گالی آمیز زبان استعمال کی گئی تھی۔

Related Posts