لاہور: مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق سے منسوب جھوٹی ویڈیو وائرل کرنے کے معاملے میں پولیس کو اہم کامیابی مل گئی۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے مطابق سائبرکرائم ونگ نے ملزم کو ٹیکسلا سے گرفتارکیا۔ایم پی اے ثانیہ عاشق نے ایف آئی اے سائبرکرائم ونگ لاہور کو تحریری شکایت کی تھی۔
ایف آئی اے کے مطابق شکایت میں بتایاگیاتھاکہ ملزم نے نازیبا ویڈیو کوثانیہ عاشق سے منسوب کیا تھا جبکہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکنِ پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق نے نازیبا ویڈیو کے معاملے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے قانونی کارروائی کی درخواست کی تھی۔
ن لیگ کی نائب صدر مریم نواز نے کہا تھا کہ ہر شخص کو ثانیہ عاشق کے حق میں اپنا کردار اداکرنا ہوگا۔ ہم بلیک میلنگ اور ہراسگی کے واقعات کو ختم کرنا چاہتے ہیں تاکہ کوئی خاتون اس کا شکار نہ ہو۔
رکنِ پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق نے کہا تھا کہ مجھے ہراسگی کا نشانہ بنایا گیا، سیکڑوں دھمکی آمیز کالز موصول ہوئیں، ٹک ٹاک پر گھٹیا گانے بنائے گئے، فیس بک پر پوسٹس کی گئیں اور ویڈیو کلپس چلائے گئے۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں ثانیہ عاشق نے کہا کہ میرے والد کی زندگی کے آخری لمحات میں لی گئی تصویر کو مسخ کیا گیا جو میں اپنے ذہن سے کبھی نکال نہیں سکتی۔ ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
مزید پڑھیں: ن لیگ کی رکن پنجاب اسمبلی ثانیہ عاشق سے منسوب نازیبا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








