پی ٹی آئی کو بڑا جھٹکا، ثانیہ نشتر سینیٹ کی نشست سے مستعفی

تازہ ترین

تازہ ترین

ثانیہ نشتر
(فوٹو: آن لائن)

اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف کی سینیٹر اور عمران خان دور میں وزیراعظم کی سابق معاونِ خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر سینیٹ کی نشست سے مستعفی ہوگئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کے احساس پروگرام کی سابق سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے بطور سینیٹر اپنا استعفیٰ سینیٹ سیکرٹریٹ میں جمع کرادیا ہے۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ثانیہ نشتر نے استعفیٰ دے دیا۔

نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے جنیوا میں بین الاقوامی ادارے میں ملازمت اختیار کرنے کے باعث سینیٹ کی نشست چھوڑ دی۔ ڈاکٹر ثانیہ نشتر آج سے کم و بیش 3 سال قبل 2021 میں سینیٹر منتخب ہوئی تھیں۔

دوسری جانب نجی ٹی وی جیو نیوز کا اپنی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ ہے کہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا استعفیٰ سینیٹ سیکرٹریٹ کوموصول ہوگیا ہے۔ استعفیٰ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کو پیش کیا جائے گا جو استعفے کی منظوری کا فیصلہ کریں گے۔

خیال رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور میں ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو احساس پروگرام کا سربراہ اور وزیراعظم کی معاونِ خصوصی برائے تخفیفِ غربت کا عہدہ دیا گیا تھا۔ بعد ازاں عمران خان ملک کے وہ پہلے وزیراعظم بن گئے جنہیں جمہوری طریقے سے تحریکِ عدم اعتماد لا کر عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

 

Related Posts