اسلام آباد: کرسمس سیزن کا آغاز ہوتے ہی پاکستان میں بھی مسیحی برادری نے سرگرمیاں شروع کردیں، اسلام آباد کی سڑکوں پر مسیحیوں نے ساتناکلاز کا لباس پہن کر تحائف تقسیم کرنا شروع کردیئے۔
دنیا بھر میں کرسمس سیزن کا آغاز ایک ماہ قبل ہوجاتا ہے، اس دوران مسیحی مختلف تقریبات کا انعقاد کرتے ہیں اور گھروں ، گلیوں ، محلوں اور گرجاگھروں میں چرغا ں کیا جاتا ہے لیکن سب سے خوبصورت چیز سانتا کلاز ہوتا ہے۔
مغربی روایات یا کہانیوں میں سانتا کلاز نامی ایک کردار کرسمس کے ایام میں غریب و مستحق لوگوں میں تحائف بانٹ کر کرسمس کی خوشیاں دوبالا کرتا ہے۔
پاکستان میں لاکھوں کی تعداد میں مسیحی آباد ہیں اور ملک میں ہر سال کرسمس کا تہوار بھرپور جوش و خروش و مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ مناتے ہیں۔
پاکستان میں گزشتہ اتوار 29 نومبر کو کرسمس سیزن کا آغاز ہوگیا ہے جس کے بعد اسلام آباد میں مسیحی عوام نے سانتا کلاز کا روپ دھار کر لوگوں میں بلاتفریق تحائف تقسیم کرنا شروع کردیئے ہیں۔
اسلام آباد میں تحائف تقسیم کرتے دیکھ کر شہریوں نے سانتا کلاز کا بھرپور خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ لگتا ہے کہ سانتا کلاز پاکستان آگیا ہے اور اس کرسمس پر سب کو تحائف ملیں گے۔