سعودی عرب کی شوبز انڈسٹری میں بڑی پیشرفت، فلم “7Dogs” نے عالمی ریکارڈ قائم کردیا

تازہ ترین

تازہ ترین

فوٹو عرب میڈیا

سعودی عرب میں جنرل اینٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے اعلان کیا ہے کہ فلم “7Dogs” نے گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں دو عالمی ریکارڈ قائم کیے ہیں۔ یہ غیر معمولی کامیابی سعودی عرب کی عالمی سینما صنعت میں موجودگی کو مزید مضبوط کرتی ہے۔

آل الشیخ نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر بتایا کہ یہ اعزاز ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی سرپرستی، سیکیورٹی اداروں کے تعاون اور ریاض میں واقع “الحصن” اسٹوڈیوز کی شراکت سے ممکن ہوا۔

جیمز بونڈ کو پیچھے چھوڑ دیا

مذکورہ فلم میں اس صنعت کی تاریخ کا سب سے بڑا دھماکا کر کے “جیمز بونڈ” سیریز کی 2015 کی فلم Spectre کا ریکارڈ توڑ دیا جس میں ہونے والا دھماکہ 68.47 ٹن TNT کے مساوی تھا۔ سعودی فلم “7Dogs” میں دھماکہ 170.7 ٹن TNT کے مساوی ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح فلم نے No Time To Die (2021) کا بھی ریکارڈ توڑ دیا، جو کسی ایک منظر میں سب سے بڑا دھماکہ خیز مواد استعمال کرنے کا تھا۔ اس فلم میں 136.4 کلوگرام TNT استعمال ہوا تھا، جب کہ “7Dogs” میں یہ مقدار بڑھ کر 405.85 کلوگرام TNT رہی۔

ترکی آل الشیخ نے کہا کہ یہ کارنامہ سعودی عرب کی فلمی پروڈکشن کے جدید ترین ڈھانچے کی عکاسی کرتا ہے جو وژن 2030 کے اہداف کے مطابق ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یہ فلم جلد ریلیز کی جائے گی اور اس حوالے سے مقامی و عالمی سطح پر انتظار اور دل چسپی پائی جاتی ہے۔

سعودی فلم”7Dogs” پہلی فلم ہے جو ریاض کے الحصن Big Time اسٹوڈیوز میں فلمائی گئی۔ اس میں عرب دنیا کے مشہور فن کار جیسے کریم عبدالعزیز اور احمد عز شامل ہیں، جب کہ اس کی ہدایت کاری عالمی شہرت یافتہ جوڑی Adel & Belal انجام دی ہے۔

اس کامیابی کے ساتھ سعودی سینما کی صنعت ایک نئے دور میں داخل ہو گئی ہے۔ یہ صرف کہانیوں اور ستاروں کے بل بوتے پر نہیں بلکہ جدید ٹیکنالوجی اور تخلیقی پروڈکشن کے ذریعے بھی دنیا کی بڑی فلمی صنعتوں کے ہم پلہ کھڑی ہے۔

Related Posts