کراچی میں سال کا دوسرا پولیو کیس، 3سال کی بچی مفلوج ہوگئی

تازہ ترین

تازہ ترین

بچی مفلوج
(فوٹو: بِنگ اے آئی)

شہرِ قائد میں سال کا دوسرا پولیو کیس رپورٹ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 3 سال کی بچی مفلوج ہوگئی۔ بچی والدین کے ہمراہ کراچی کے علاقے کیماڑی پہنچی تھی۔

نجی ٹی وی جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان ای او سی کا کہنا ہے کہ 38 ماہ کی بچی کے لواحقین اسے حال ہی میں وزیرستان سے کیماڑی لائے تھے، بچی کے جسم میں پولیو کی تشخیص کے بعد رواں سال سندھ میں پولیو کیسز کی تعداد 4 ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں رواں برس پولیو کے تشخیص کردہ کیسز کی تعداد 21 ہے۔ ترجمان ای او سی کا کہنا ہے کہ 38 ماہ کی بچی پولیو جیسے موذی مرض میں مبتلا ہو کر مفلوج ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت سندھ نے کیس پر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

ماضی میں رواں برس کے دوران سندھ کے دیگر شہروں سے پولیو کے کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں جن میں شکارپور، حیدر آباد اور کراچی کا ضلع کیماڑی شامل ہیں۔ قومی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پولیو کے دیگر کیسز قلعہ عبداللہ، مہمند، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سے رپورٹ ہوئے۔

واضح رہے کہ کراچی میں گزشتہ برس ستمبر سے اب تک سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ پولیو وائرس 5 سال اور اس سے کمسن بچوں کو متاثر کرکے عمر بھر کیلئے معذور کردیتا ہے۔ وائرس کی روک تھام کیلئے گزشتہ کئی برسوں سے ملک گیر مہم چلائی جاتی ہے۔

Related Posts