لاہور: محکمہ داخلہ پنجاب نے پاک فضائیہ کے تمام ایئر بیسز کے ساتھ ساتھ صوبے بھر کے تمام کمرشل ایئرپورٹس کی سکیورٹی کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ اقدام انسانی جانوں، املاک کے تحفظ اور فضائی آپریشنز کو محفوظ رکھنے کے مقصد کے تحت اٹھایا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ صوبائی سیکریٹری داخلہ نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ (6) 144 کے تحت یہ ہدایات جاری کیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے ترجمان کے مطابق صوبائی سیکریٹری داخلہ نے دفعہ 144 کے تحت مخصوص سرگرمیوں پر پابندیاں عائد کیں۔ یہ پابندیاں پورے صوبے میں ان تمام مقامات کے گرد نافذ ہوں گی جو پاک فضائیہ کے ائیر بیسز یا کمرشل ایئرپورٹس سے منسلک ہیں، اور ان کا دائرہ کار 13 کلومیٹر تک ہوگا۔
محکمے کے جاری کردہ حکم نامے کے مطابق ان حساس علاقوں میں کبوتر بازی، لیزر لائٹس کا استعمال، اور قربانی کے جانوروں کی باقیات یا آلائشیں پھینکنے جیسے اعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ سرگرمیاں فضائی پروازوں کیلئے سنگین خطرہ پیدا کر سکتی ہیں، کیونکہ پرندے یا دیگر رکاوٹیں ٹیک آف اور لینڈنگ کے دوران حادثات کا باعث بن سکتی ہیں۔
محکمہ داخلہ نے مزید واضح کیا ہے کہ یہ تمام پابندیاں آئندہ 30 دن تک نافذ رہیں گی، جبکہ صوبے کے دیگر کمرشل ہوائی اڈوں کے اطراف بھی یہی ضوابط لاگو تصور ہوں گے۔ متعلقہ حکام کو ائیرپورٹس اور ائیربیسز کے اردگرد صفائی کے خصوصی انتظامات کی ہدایات دے دی گئیں۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








