ٹی 20 ورلڈکپ کے دوران پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر نیویارک میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔اہلکاروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق یکم جون سے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں شروع ہونے والے ٹی20 ورلڈکپ کے دوران روایتی حریف پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 9 جون کو نیویارک میں ہوگا جس کے دوران دہشت گردی کا خدشہ سامنے آیا ہے۔ نیو یارک کی گورنر کیتھی ہوچل کا بیان سامنے آگیا۔
عالمی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کا کہنا ہے کہ نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچل نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ میں دہشتگرد حملوں کی دھمکیوں کے باعث ٹی20 ورلڈکپ کے لیے سیکیورٹی مزید سخت کی گئی ہے۔سکیورٹی کے بہترین انتظامات کیلئے ہم پولیس سے مسلسل رابطے میں ہیں۔
گورنر نیو یارک کیتھی ہوچل نے کہا کہ نیو یارک اسٹیٹ پولیس کو سیکیورٹی اقدامات بڑھانے کے لیے کڑی نگرانی اور مکمل اسکریننگ کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔اے بی سی نیوز کا کہنا ہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ کے میچز کو انتہا پسند پرتشدد کارروائیوں کے موقعے کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔
مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ اپریل میں داعش خراسان گروپ (آئی ایس کے) کی جانب سے ٹی20 ورلڈکپ اور خاص طور پر پاکستان، بھارت میچ کے لیے دھمکیاں موصول ہوئی تھیں،واضح رہے کہ گزشتہ کئی سال سے پاکستان اور بھارت کے مابین دو طرفہ سیریز نہیں کھیلی جاسکی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








