دنیا بھر میں فیشن انڈسٹری سوگوار ہے کیونکہ اطالوی نژاد عالمی شہرت یافتہ فیشن ڈیزائنر جارجیو ارمانی 91 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔
جارجیو ارمانی کی آخری رسومات کے لیے میلان کے ارمانی تھیٹر میں ہفتہ اور اتوار کو صبح 9 بجے سے شام 6 بجے تک عوامی تعزیتی اجتماع کا انتظام ہوگاجس کے بعد ایک نجی تقریب میں تدفین کی جائے گی۔
ان کی وفات پر فیشن انڈسٹری کے بڑے ناموں نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ ڈونیٹیلا ورسچے نے کہاکہ دنیا نے آج ایک عظیم شخصیت کھو دی ہے۔ انہوں نے تاریخ رقم کی اور ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
اسی طرح ہالی ووڈ اداکارہ ڈیمی مور اور سلمیٰ ہائیک نے بھی انسٹاگرام پر ارمانی کو حقیقی لیجنڈ قرار دیتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
جارجیو ارمانی کا سفر ایک دلچسپ اتفاق سے شروع ہوا۔ وہ 1934 میں اٹلی کے شمالی قصبے پیاچنزا میں پیدا ہوئے اور ابتدا میں ڈاکٹر بننے کے خواہاں تھے۔
میلان کے ایک ڈپارٹمنٹ اسٹور میں بطور ونڈو ڈریسر پارٹ ٹائم ملازمت نے انہیں فیشن کی دنیا سے متعارف کرایا۔ یہی موقع آگے چل کر عالمی فیشن انڈسٹری میں ایک انقلابی تبدیلی کا باعث بنا۔
ارمانی کو بیسویں صدی کے سب سے زیادہ اثر و رسوخ رکھنے والے ڈیزائنرز میں شمار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے ریڈ کارپٹ اسٹائل کو نئی جہت دی اور جدید خوبصورتی کو ازسرِ نو متعارف کروایا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








