اسلام آباد: قومی اسمبلی میں سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد کی نشستوں پر 341میں سے 340 ووٹ کاسٹ ہوگئے، جماعت اسلامی کے رکن نے اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کیا، صوبائی اسمبلیوں میں ووٹنگ کا سلسلہ جاری۔
قومی اسمبلی کے 142رکنی ایوان میں این اے 75 ڈسکہ کی نشست خالی جبکہ جماعت اسلامی کے رکن کی جانب سے ووٹ نہ کاسٹ کرنے کی وجہ سے 341 میں سے 340 ووٹ کاسٹ ہوچکے ہیں۔
ریٹرننگ افسرکا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں ایک ووٹ باقی رہ گیاہے، گنتی کے دوران صرف ایک ایک ایجنٹ کو رہنے کی اجازت ہوگی، مقررہ وقت تک ایک رکن کے ووٹ کا انتظار کریں گے۔
جماعت اسلامی کے رکن نے غیرجانبدار رہنے کا اعلان کر رکھا ہے، الیکشن کمیشن کو جماعت اسلامی کے عبدالاکبر چترالی کا انتظار، عبدالاکبر چترالی نے ووٹ کاسٹ نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
سندھ اسمبلی میں 142 ووٹ کاسٹ ہوچکےہیں، خیبرپختونخوا کے 145 میں سے 67 ارکان نے ووٹ کاسٹ کردیا،5 بجے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعدگنتی شروع ہوگی۔
اس سے قبل وزیرِ اعظم عمران خان آج ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے قومی اسمبلی پہنچے تو وفاقی وزراء اور اراکینِ اسمبلی نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف اور سابق صدر آصف زرداری نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔پہلا ووٹ پی ٹی آئی رکن شفیق آرائیں جبکہ دوسرا وفاقی وزیر فیصل واؤڈا نے کاسٹ کیا تھا۔