پاکستانی شوبز انڈسٹری کے مشہورومعروف سینئر اداکار طلعت اقبال امریکا میں انتقال کرگئے جن کے یادگار ڈرامہ سیریلز میں سے آخری چٹان کو اہم سمجھا جاتا ہے۔رواں برس ستمبر کے دوران ہی ان کی بیٹی حرکتِ قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئی تھیں جس پر وہ انتہائی غمزدہ تھے۔
تفصیلات کے مطابق سینئر اداکار طلعت اقبال گزشتہ کچھ عرصے سے بیمار اور طویل عرصے سے امریکی ریاست ٹیکساس میں اہلِ خانہ کے ہمراہ رہائش پذیر تھے۔ انہیں 14 روز قبل طبیعت خراب ہونے کے باعث امریکی ہسپتال میں علاج کیلئے داخل کرایا گیا۔
سانس لینے میں دشواری کے باعث امریکی ڈاکٹرز نے طلعت اقبال کو مصنوعی تنفس پر رکھا ہوا تھا، تاہم سینئر اداکار کی حالت نہ سنبھل سکی اور وہ بے ہوشی کی حالت میں دارِ فانی سے کوچ کر گئے۔ آج سے چند ہفتے قبل ان کی صاحبزادی کا حرکتِ قلب بند ہونے سے انتقال ہوا۔
صاحبزادی کے انتقال پر طلعت اقبال بے حد غمزدہ ہوئے جس کے بعد ان کی طبیعت بگڑتی چلی گئی۔ طلعت اقبال کی صاحبزادی سارہ 3 ستمبر کے روز امریکا میں ہی انتقال کر گئی تھیں۔ ماضی میں طلعت اقبال کی اداکاری کو فلم اور ٹی وی دونوں میں بے حد پذیرائی ملی۔
معروف اداکار طلعت اقبال نے 60ء کی دہائی میں کیرئیر کا آغاز کیا اور 70 اور 80 کی دہائیوں میں متعدد ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ ٹی وی کے علاوہ طلعت اقبال نے پاکستانی انڈسٹری کی متعدد فلموں میں بھی اداکاری کی اور مداحوں سے داد سمیٹی۔
طلعت اقبال نے روحی بانو، بابرہ شریف، شبنم، خالدہ ریاست اور دیبابیگم کے علاوہ دیگر متعدد فنکاروں کے ہمراہ اداکاری کی اور اپنی آواز اور انداز کے باعث شہرت کی بلندیوں کو چھونے میں کامیاب رہے۔ ان کی اہلیہ سنبل طلعت اقبال بھی معروف اداکارہ تھیں جن کا انتقال کینسر کے باعث 2014 میں ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: منشا پاشا بیمار، مداحوں سے صحت یابی کیلئے دعاؤں کی درخواست
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








