روس کے سرحدی علاقے بریانسک میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ اُس وقت پیش آیا جب ایک ہائی وے پل بھاری گاڑیوں سمیت ٹوٹ کر نیچے ریلوے ٹریک پر آ گرا۔ بدقسمتی سے عین اسی وقت نیچے سے ایک مسافر ٹرین گزر رہی تھی، جو اس حادثے کی زد میں آ گئی۔ حادثے کے نتیجے میں کم از کم 7 افراد جاں بحق اور 31 زخمی ہو گئے۔
یہ سانحہ یوکرین کی سرحد سے محض 100 کلومیٹر دور ویگونچسکی ضلع میں پیش آیا، جس کے باعث حادثے کی وجوہات اور اس کے پیچھے ممکنہ محرکات پر مختلف سوالات اٹھ رہے ہیں۔
روسی ایمرجنسی سروسز کے مطابق کلیموف سے ماسکو جانے والی مسافر ٹرین رات کے وقت ویگونچسکی کے قریب پہنچ رہی تھی کہ پل اچانک زمین بوس ہو گیا، جس سے ٹرین کا انجن اور متعدد ڈبے پٹری سے اتر گئے۔
حادثے کے فوراً بعد جائے وقوعہ پر امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ رات کے اندھیرے کے باوجود ریسکیو ٹیموں کو روشنی فراہم کرنے کے لیے خصوصی ٹاورز اور آلات بھی پہنچا دیے گئے ہیں۔
ماسکو ریلوے کی ابتدائی تحقیقات میں ٹرانسپورٹ نظام میں غیر قانونی مداخلت کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ماسکو کے انٹرریجنل پراسیکیوٹرز نے باقاعدہ طور پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے تاکہ اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
علاقائی گورنر، الیگزینڈر بوگوماذ نے میڈیا سے گفتگو میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ زخمیوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے جس کی حالت تشویشناک ہے۔ تمام زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرین میں سوار باقی مسافروں کو نزدیکی اسٹیشن منتقل کر دیا گیا، جہاں سے انہیں ماسکو پہنچانے کے لیے ایک خصوصی ریزرو ٹرین روانہ کر دی گئی ہے۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








