بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان معروف فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی سے اپنی نئی رومانوی فلم اظہار میں اشتراک کرنے کیلئے تیار ہیں جو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق شاہ رخ خان کی نئی فلم اظہار ایک بھارتی شہری اور ناروے کی ایک لڑکی کے مابین حقیقی محبت کی داستان سے متاثر ہو کر تحریر کی گئی کہانی پر مبنی ہے۔ فلم میں مرکزی کردار اپنی محبت کیلئے بھارت سے ناروے کا سفر کرتا نظر آئے گا۔
تاحال شاہ رخ خان کی طرف سے فلم میں کام کرنے یا نہ کرنے کے حوالےسے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔ قبل ازیں شاہ رخ خان اور سنجے لیلا بھنسالی نے دیوداس نامی فلم کیلئے سن 2002ء میں ساتھ مل کر کام کیا جسے شاندار پذیرائی حاصل ہوئی۔
فلم دیوداس میں شاہ رخ خان کے ساتھ ایشوریا رائے بچن، مادھوری ڈکشٹ، کرن کھیر اور جیکی شروف سمیت متعدد دیگر فنکاروں نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔ سن 2022ء میں شاہ رخ خان جان ابراہم اور دپیکا پدوکون کے ہمراہ پٹھان نامی فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔
آئندہ برس کی سنسنی خیز بالی ووڈ فلم پٹھان کیلئے موسیقی وشال شیکھر ترتیب دیں گے جبکہ دوسری جانب سنجے لیلا بھنسالی کی نئی فلم گنگو بائی کاٹھیاواڑی 30 جولائی کو ریلیز کی جائے گی جس میں اداکارہ عالیہ بھٹ مرکزی کردار نبھاتی نظر آئیں گی۔
یہ بھی پڑھیں: صبا قمر نے پاکستان میں ٹاپ ٹرینڈ کیلئے عوام کی شرافت پر سوالات اٹھا دئیے
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








