لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف ہفتے کی صبح ساڑھے 4 بجے غیرملکی ایئرلائن کی پرواز کیو آر 621 کے ذریعے لاہور سے دوحہ روانہ ہوں گے۔
خاندانی ذرائع کے مطابق شہباز شریف کی بیرون ملک روانگی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر تیاریاں جاری ہیں، لیگی صدر لندن میں 22 مئی کو اپنے معالج سے طبی معائنہ کروائیں گے۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے چونکہ برطانیہ نے پاکستان کو ریڈ لسٹ میں شامل کر رکھا ہے اس لئے کوئی بھی پرواز پاکستان سے برطانیہ نہیں جا سکتی۔
شہباز برطانیہ جانے کے لئے قطر میں ضروری قرنطینہ کرینگے، دوحہ میں تقریبا 10 روز قرنطینہ کے بعد لندن جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف معالجین کی اجازت ملنے کے بعد ممکنہ طور پر 3 جولائی کو واپس آئیں گے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بیرون ملک روانگی سے قبل لیگی صدر شہباز شریف نے پارٹی رہنماوں سے ویڈیو لنک پر رابطہ ہوا ہے، شہباز نے شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، رانا ثناء اللہ سمیت دیگر رہنماوں کو ملکی سیاسی معاملات بارے ہدایات دیں ہیں۔
واضح رہے کہ آج لاہور ہائی کورٹ نے مشروط بنیاد پر شہباز شریف کو 8 ہفتے کے لیے علاج کی خاطر بیرون ملک جانے کی اجازت دی تھی۔