پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پاکستان میں حملوں پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے افغانستان کو یاد دہانی کرائی ہے کہ پاکستان نے گزشتہ کئی دہائیوں تک افغان عوام کے ساتھ بھائی چارے، قربانی اور انسانی ہمدردی کے جذبات سے بھرپور رویہ اختیار کیا مگر افسوس کہ آج افغانستان ان تمام احسانات اور قربانیوں کو فراموش کر چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان کے ساتھ مشکل گھڑی میں کھڑا رہ کر اسے اپنے مسائل کا حصہ سمجھا لیکن حالیہ واقعات اور سرحدی حملوں نے دونوں ممالک کے تعلقات کو متاثر کیا ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستان نے افغان عوام کے دکھوں کو اپنے دکھوں کی طرح محسوس کیا اور اپنی سرزمین ان کے لیے کھول دی، جہاں برسوں تک تقریباً چالیس لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ ذاتی طور پر بھی تین سو پچاس افغان خاندانوں کی کفالت کر رہے ہیں، جو اس بات کی علامت ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان انسانی اور اسلامی رشتہ کتنا گہرا ہے۔
پاکستان ہمیشہ اپنے افغان بھائیوں کے ساتھ کھڑا رہا افغانوں کی مشکلات کو اپنی مشکل سمجھا ۔ اپنی سرحدیں اپنے بھائیوں کے لیے کھول دیں ۔ چالیس لاکھ مہاجرین کو اپنی سر زمین پر بسایا ۔ میں ذاتی طور پر اپنے وسائل کے مطابق 350 افغان گھرانوں کی دیکھ بھال کرتا ہوں لیکن انتہای افسوس سے کہنا…
— Shahid Afridi (@SAfridiOfficial) October 18, 2025
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ انتہائی دکھ کی بات ہے کہ افغانستان نے پاکستان کی قربانیوں، احسانات اور بھائی چارے کے رشتے کو فراموش کر دیا ہے۔
ان کے مطابق افغانستان کی جانب سے پاکستان کی سرحدوں پر حملے نا قابل قبول ہیں اور پاکستان کی افواج نے ہمیشہ صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جوابی کارروائی صرف دفاعی ضرورت کے تحت کی ہے۔
شاہد آفریدی نے افغان قیادت کو خبردار کیا کہ وہ دانشمندی کا مظاہرہ کرے اور ایسے اقدامات سے گریز کرے جو خطے کے امن اور دو طرفہ تعلقات کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ افغانستان کو کسی ایسے ملک کے ہاتھوں استعمال نہیں ہونا چاہیے جو پاکستان کے خلاف دہشت گردی کو فروغ دیتا ہو۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کو یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان اس کا اسلامی برادر ملک ہے، دشمن نہیں۔ لہٰذا افغان سرزمین کو کسی ایسے مقصد کے لیے استعمال ہونے کی اجازت نہ دی جائے جو پاکستان کے خلاف ہو۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








