اسلام آباد: وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم اور وزیر اعظم کے مشیر برائے احتساب و داخلہ شہزاد اکبر نے ایف آئی اے کے سابق سربراہ بشیر میمن کی طرف سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔
شہزاداکبر نے اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا ہے کہ بشیر میمن کو کبھی بھی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے معاملے پر وزیر اعظم یا مجھ سے کسی ملاقات کے لئے نہیں کہا گیا اور نہ ہی کبھی کسی خاص فرد کے خلاف کوئی مقدمہ شروع کرنے کے لئے کہا گیا۔
دوسری جانب وزیر قانون و انصاف بیرسٹر فروغ نسیم نے بھی اپنے ٹویٹ میں ایف آئی اے کے سابق سربراہ کے الزامات کی سختی سے تردید کی ہے۔
بشیر میمن نے ایک نجی نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے الزام لگایا تھاکہ ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے اپنے دور میں فروغ نسیم اور شہزاد اکبر چاہتے تھے کہ وہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور حزب اختلاف کے دیگر رہنماؤں کے خلاف کارروائی کریں تاہم فروغ نسیم اور شہزاداکبر نے الزامات مسترد کردیئے ہیں۔