صوبہ خیبرپختونخوا کے ضلع اپر چترال میں واقع دنیا کے بلند ترین پولو گراؤنڈ ’شندور‘ میں کھیلے جانے والے 3 روزہ سالانہ شندور فری اسٹائل پولو ٹورنامنٹ کے فائنل میں چترال نے گلگت بلتستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 کے مقابلے میں 9 گول سے شکست دے کر مسلسل آٹھویں بار ٹرافی اپنے نام کرلی۔
فائنل میچ چترال اے اور گلگت اے کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا، جو مقررہ وقت تک 7-7 گول سے برابر رہا۔ میچ کا فیصلہ اضافی وقت میں ہوا، جس میں چترال نے مزید 2 گول داغے جبکہ گلگت کوئی گول نہ کرسکا۔ اس طرح چترال نے مسلسل 8 ویں بار شندور ٹرافی اپنے نام کی۔
اضافی وقت کے دوران دونوں ٹیموں نے چار چار کھلاڑی میدان میں اتارے کیونکہ گلگت کی ٹیم کے گھوڑے میچ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔

شندور فیسٹیول 20 جون سے اپر چترال میں خیبر پختونخوا ٹورازم اینڈ کلچر اتھارٹی کے زیرِ اہتمام شروع ہوا تھا، جہاں ملکی و غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ فیسٹیول کے ابتدائی 2 روز میں گلگت بلتستان کی ٹیموں نے کامیابی کے ساتھ سبقت حاصل کی تھی، تاہم فیصلہ کن معرکے میں چترال نے بازی پلٹ دی۔
یہ ایونٹ چترال اور گلگت بلتستان کے درمیان روایتی کھیل پولو کا نہ صرف نمائندہ بن چکا ہے بلکہ سیاحت، ثقافت اور علاقائی ہم آہنگی کو فروغ دینے کا ذریعہ بھی بنتا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال 2024 میں خراب موسم کی وجہ سے نگران حکومت نے شندور فیسیٹول منسوخ کردیا تھا۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








