کراچی :سندھ ہائیکورٹ نے شہر قائد میں غیر قانونی تعمیرات قائم کرنے والوں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا حکم دیتے ہوئے کے ڈی اے کو پولیس اور رینجرز کی نفری فراہم کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے۔
سندھ ہائیکورٹ میں گلستان جوہر میں چائنا کٹنگ اور زمینوں پر قبضے کے حوالے سے کیس کی سماعت کے دوران عدالت نے کے ڈی اے کو گلستان جوہر میں گرینڈ آپریشن کا حکم دیا، سندھ ہائیکورٹ نے کہا کہ کے ڈی اے حکام کو کہا کہ سپریم کورٹ حکم کے مطابق تجاوزات فوری ختم کرائی جائیں۔
عدالت میں دائر درخواست میں مدعی نے موقف اختیار کیا تھا کہ کے ایم سی اورکے ڈی اے حکام قبضہ مافیا کی سرپرستی کررہے ہیں جبکہ ڈائریکٹر کے ڈی اے نے عدالت کو بتایا کہ کارروائی کرنے پر شرپسند عناصر حملہ کردیتے ہیں۔
عدالت نے غیرقانونی تعمیرات گرانے کا بھی حکم دے دیاجبکہ عدالت نے کے ڈی اے حکام کو رینجرز اور پولیس نفری فراہم کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ کراچی میں تجاوزات گرانے کے حوالے سے سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کے باوجود انتظامیہ محض خانہ پوری کیلئے چند نمائشی کارروائیاں کرکے خاموشی اختیار کرلیتی ہے۔